اردو انٹرنیشنل اسپورٹس ویب ڈیسک تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے سائیکلسٹ مارک کیوینڈش نے ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا پانچواں مرحلہ جیت لیا۔پچھلے سال کیوینڈش کا یہ 14واں اور آخری ٹور ہونا چاہیے تھا، لیکن اپنے کیریئر کو سب سے زیادہ جیتوں کے ریکارڈ کے ساتھ ختم کرنے کے خواب نے انہیں اپنی ریٹائرمنٹ ملتوی کرنے اور واپسی کی تحریک دی۔
سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بیلجیئن مرکس، جنہوں نے 1969-1974 کے درمیان پانچ بار ٹور جیتا تھا، لکھا: “مارک کو اس تاریخی کارنامے پر مبارکباد۔ ایک اچھا انسان جس نے میرا ٹور ریکارڈ توڑ دیا۔”
کیوینڈش نے 2021 میں اپنی 34ویں اسٹیج جیت کر مرکس کے ساتھ سب سے زیادہ ٹور اسٹیج جیتنے کا ریکارڈ برابر کیا تھا اور اب یہ ان کی سائیکلنگ کی سب سے بڑی دوڑ میں اپنی 35ویں فتح ہے .
کیوینڈش نے اس کامیابی پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا :”ٹور ڈی فرانس سائیکلنگ سے بڑا ہے۔ مجھے یہ پسند ہے، مجھے ٹور میں دوڑنے کا شوق ہے”۔
سپین میں ٹورڈی فرانس سائیکل ریس کے 111 ویں ایڈیشن کا آغاز ہوچکا ہے جس میں دنیا بھر کی سائیکلنگ کی 22ٹیموں کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔
ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کے پانچویں مرحلے میں سائیکل سواروں نے فرانس میں سینٹ جین ڈی مورین سے سینٹ ولباس تک کا 177.4 کلو میٹر فاصلہ طے کرنا تھا۔
انتالیس سالہ برطانوی سائیکلسٹ مارک کیوینڈش نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ فاصلہ 4گھنٹے 08منٹ اور 46 سیکنڈز میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
بیلجیئم کے سائیکلسٹ جیسپر فلپسن نے دوسری جبکہ ناروے کے سائیکل سوار الیگزینڈر کرسٹوف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
سلووینیا کے سائیکلسٹ تڈیج پوگاآر نے چوتھا مرحلہ جیتنے کے ساتھ ساتھ ایکواڈور کے سائیکل سوار سے ییلو جرسی چھین لی ہے ۔
ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 3,498کلو میٹر کا سفر طے کریں گے ، ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس میں 22 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں ہیں ،یہ ریس 24 روز جاری رہنے کے بعد 21 جولائی کو اختتام پذیر ہوگی۔
ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا پہلا ایڈیشن 1903میں ہوا جو فرانسیسی سائیکل سوار مورس فرانسس گارین نے جیتا تھا۔