اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان 22 مئی کو لیڈز میں انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی کے لیے اپنی پلیئنگ الیون میں تین تبدیلیاں کر سکتا ہے۔
فاسٹ باؤلرز نسیم شاہ اور حارث رؤف کے علاوہ ٹاپ آرڈر بلے باز عثمان خان کو لائن اپ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے اوپنر صائم ایوب اور تیز گیند باز حسن علی جو حال ہی میں ڈبلن میں آئرلینڈ کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی کا حصہ تھےان کو ڈراپ کیا جا سکتا ہے۔
حارث اور عثمان آئرلینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شامل نہیں ہوئے، جسے پاکستان نے 2-1 سے جیتا تھا۔
پاکستان ممکنہ طور پر انگلینڈ کی سیریز کے دوران اپنی پوری طاقت کی ٹیم کو ورلڈ کپ کے امتزاج کو جانچنے کے لیے میدان میں اتارے گا۔
حتمی فیصلہ ہیڈ کوچ گیری کرسٹن سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا جو کل پاکستان اسکواڈ میں شامل ہونے والے ہیں۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار میچوں کی سیریز یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل دونوں ٹیموں کی آخری اسائنمنٹ ہوگی۔
انگلینڈ ا سکواڈ
جوس بٹلر (کپتان)، معین علی، جوفرا آرچر، جوناتھن بیرسٹو، ہیری بروک، سیم کرن، بین ڈکٹ، ٹام ہارٹلی، ول جیکس، کرس جارڈن، لیام لیونگسٹون، عادل راشد، فل سالٹ، ریس ٹوپلی، مارک ووڈ۔
پاکستان اسکواڈ
بابر اعظم، ابرار احمد، اعظم خان، فخر زمان، حارث رؤف، حسن علی، افتخار احمد، عماد وسیم، عباس آفریدی، محمد عامر، محمد رضوان، عرفان خان، نسیم شاہ، صائم ایوب، سلمان آغا، شاداب خان ، شاہین آفریدی، عثمان خان