Sunday, October 13, 2024
HomeTop Newsالیکشن کمیشن نےجدید ٹیکنالوجی سے مزین ’الیکشن سٹی‘ قائم کردیا، انتخابی نتائج...

الیکشن کمیشن نےجدید ٹیکنالوجی سے مزین ’الیکشن سٹی‘ قائم کردیا، انتخابی نتائج کی تیزی سے ترسیل میں معاونت کرے گا

الیکشن کمیشن نےجدید ٹیکنالوجی سے مزین ’الیکشن سٹی‘ قائم کردیا، انتخابی نتائج کی تیزی سے ترسیل میں معاونت کرے گا

الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں کے انتخابی نتائج کی تیزی سے ترسیل کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور آلات سے مزین ’الیکشن سٹی‘ قائم کیا ہے جبکہ کسی بھی خرابی کی صورت میں متبادل ویب سائٹ بھی تیار کی گئی ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق الیکشن کمیشن میں ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد خضر عزیز نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے سیکریٹریٹ کے اندر جدید ٹیکنالوجی سے مزین ’الیکشن سٹی‘ قائم کیا ہے جہاں سے میڈیا کو 855 حلقوں کے نتائج بلاتعطل اور فوری جاری کیے جاسکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ واٹس ایپ، ای میل اور فیکس کے ذریعے انتخابی نتائج کی وصولی کے حوالے سے جامع حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے، جبکہ الیکشن کمیشن نے بغیر کسی تعطل کے نتائج کی ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے متبادل ویب سائٹ بھی بنائی ہے۔

خضر عزیز نے بتایا کہ الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) انٹرنیٹ کی عدم دستیابی پر بھی کام کرے گا، یہ سسٹم ایسے علاقے جہاں پر کنکٹیویٹی کے مسائل ہیں وہاں پر سیٹلائٹ کمیونیکیشن سے منسلک کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ای ایم ایس دو حصوں پر مشتمل ہے جس میں ابتدائی طور پر پریذائیڈنگ افسر کی جانب سے نتائج فوٹو کے ذریعے لیے جائیں گے جو فارم۔45 کے لیے ریٹرننگ افسر کو بھجوایا جائے گا، اگر کہیں پر کنکٹیویٹی کے مسائل پیدا ہوئے تو وہاں پر نتائج کی ترسیل آف لائن ماڈیولز کے ذریعے ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام حلقوں کے پریذائیڈنگ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فارم۔45 کی تصویر بنائیں اور اسے اپنے متعلقہ ریٹرننگ افسر کو بھجوائیں، ریٹرننگ افسر یہ نتائج فارم۔47 پر مرتب کرکے میڈیا کو جاری کرے گا۔

ڈائریکٹر آئی ٹی نے کہا کہ ہر ریٹرننگ افسر کے دفتر کے باہر نتائج شیئر کرنے کے لیے میڈیا وال بنائی گئی ہے جبکہ الیکشن کمیشن کے الیکشن سٹی میں پانچ میڈیا والز بنائی گئی ہیں جہاں پر قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے نتائج مسلسل اپ ڈیٹ کیے جائیں گے۔

ڈی جی آئی ٹی خضر عزیز نے بتایا کہ الیکشن سٹی میں آر اوز کے نتائج موصول ہوں گے، ہمارا نظام انٹرنیٹ پر انحصار نہیں کرتا۔

ڈی جی آئی ٹی خضر عزیز نے مزید بتایا کہ ایک قومی اسمبلی اور تین صوبائی اسمبلی کے انتخابات امیدواروں کی وفات کے باعث ملتوی ہوئے، الیکشن سٹی کی وال پر پارٹی پوزیشن، پارٹی گراف بھی ڈسپلے ہو گا، تمام آر اوز کے دفاتر میں بھی ایسی میڈیا وال لگائی گئی ہے۔

پراجیکٹ ڈائریکٹر ای ایم ایس کرنل (ر) محمد سعد علی نے بتایا کہ ڈیٹا انٹری مکمل ہونے کے بعد فارم 47 ہمیں ارسال کرنا ہوگا، فارم 47 ای میل، فیکس کے ذریعے موصول ہو گا، لائیو نتائج یہاں سے سب دیکھ سکیں گے، تمام آر اوز کو ڈی ایس ایل کنکشن دیئے گئے ہیں۔

کرنل (ر) محمد سعد علی نے مزید بتایا کہ 60 آر اوز کو سیٹلائٹ کنکشن بھی دیئے گئے ہیں، ملک بھر میں 3600 ای ایم ایس آپریٹرز کام کر رہے ہیں، پریذائیڈنگ افسر سافٹ ویئر کے ذریعے فارم 45 کی تصویر بنا کر آر او کو بھیجے گا۔

انہوں نے کہا کہ اگر کسی جگہ نیٹ ورک دستیاب نہ ہوا تو تصویر کی لوکیشن اور وقت سافٹ ویئر میں محفوظ ہو جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے الیکشن کی مانیٹرنگ کیلئے کنٹرول روم قائم کردیا، پہلی بار شکایات کیلئے واٹس ایپ کا استعمال ہوگا

RELATED ARTICLES

Most Popular

Recent Comments