T20 World Cup: Bangladeshi journalists barred from covering India and Sri Lanka-Image Credit: ICC
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کی ٹیم کے اخراج کے بعد ایک نیا تنازع سامنے آ گیا ہے، جہاں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلا دیشی صحافیوں کو ایونٹ کی کوریج کے لیے ایکریڈیشن دینے سے انکار کر دیا ہے۔
بنگلا دیش میڈیا کے مطابق بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے میچز کے لیے کسی بھی بنگلا دیشی صحافی کو ایکریڈیشن جاری نہیں کی گئی، جبکہ بعض صحافیوں کی پہلے منظور شدہ ایکریڈیشن بعد میں منسوخ کر دی گئی۔
بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے میڈیا کمیٹی چیئرمین امزاد حسین نے تصدیق کی ہے کہ 130 سے 150 صحافیوں نے اپلائی کیا تھا، تاہم تمام درخواستیں مسترد کر دی گئیں صحافتی تنظیموں نے آئی سی سی سے وضاحت نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے صحافیوں کی نمائندہ تنظیم سے فہرست طلب کر لی ہے اور ایکریڈیشن کا عمل دوبارہ شروع کیے جانے کا امکان ہے، جبکہ سری لنکا میں ہونے والے میچز کے لیے ایکریڈیشن دیے جانے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ بنگلا دیش کو حال ہی میں گروپ سی سے نکال کر اس کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا گیا تھا، جس نے ایونٹ کے لیے اپنے 15 رکنی اسکواڈ کا اعلان بھی کر دیا ہے۔




