
Referee Michael Oliver faces serious threats for showing red card, police investigation launched Photo-Getty Images
اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق آرسنل اور وولوز کے درمیان کھیلے گئے ایک پریمیئر لیگ میچ کے دوران ریفری مائیکل اولیور نے آرسنل کے کھلاڑی مائیلس لیوس سکیلی کو وولوز کے کھلاڑی میٹ ڈوہرٹی کو ہٹ کرنے پر ریڈ کارڈ دکھایا، یہ واقعہ میچ کے 43ویں منٹ میں پیش آیا۔ ریڈ کارڈ کے اس فیصلے کو ویڈیو اسسٹنٹ ریفری نے بھی برقرار رکھا۔
تاہم اس فیصلے پر آرسنل کے کچھ مداحوں اور چند سابق کھلاڑیوں کی جانب سے ناپسندیدگی کا اظہار کیا گیا اور سوشل میڈیا پر ریفری کو بدسلوکی کا نشانہ بنایا گیا یہی نہیں بلکہ مائیکل اولیور اور ان کے خاندان کو نازیبا زبان میں ذاتی نوعیت کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔
ریفریز کی تنظیم پی جی ایم او ایل نے اس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ رویہ ناقابل قبول ہے۔ پی جی ایم او ایل نے مزید کہا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب کسی میچ آفیشل کو اس طرح کی دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا ہو۔ تاہم ، تحقیقات جاری ہیں اور سخت کارروائی کی جائے گی۔
پریمیئر لیگ نے بھی ان واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مائیکل اولیور کو مکمل حمایت فراہم کی جائے گی۔ جبکہ آرسنل کے منیجر آرٹیٹا نے ریڈ کارڈ کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “یہ فیصلہ اتنا واضح تھا کہ اس پر مزید وضاحت کی ضرورت نہیں۔”
میچ میں وولوز کے مڈفیلڈر جواؤ گومز کو بھی ریڈ کارڈ دکھایا گیا، جبکہ آرسنل نے ریکارڈو کیلافیوری کے گول کی بدولت یہ میچ جیت لیا۔