اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق لیورپول نے اپنے ہوم گراؤنڈ پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پریمیئر لیگ کے میچ میں ٹوٹنہم ہاٹسپر کو 6-3سے شکست دی۔ اس فتح کے ساتھ، لیورپول نے پوائنٹس ٹیبل میں چار پوائنٹس کی برتری حاصل کر لی ہے۔
میچ کے ابتدائی لمحات سے ہی لیورپول نے ٹوٹنہم کے دفاع پر دباؤ ڈالا۔ 23ویں منٹ میں لوئس ڈیاز نے ٹرینٹ الیگزینڈر آرنلڈ کے کراس پر شاندار ہیڈر کر کے پہلا گول کیا۔ 13 منٹ بعد، الیکسس میک ایلسٹر نے ایک اور ہیڈر کے ذریعے ٹیم کی برتری کو دگنا کر دیا۔
Photo-Reuters
جیمز میڈیسن نے ہاف ٹائم سے کچھ دیر پہلے اسپرس کے لیے ایک گول کر کے واپسی کی امید دلائی، لیکن محمد صلاح نے پہلے ہاف کے اختتام پر ڈومینک سوبوسزلائی کو ایک بہترین موقع فراہم کیا جس نے گول کر کے لیورپول کی برتری کو مزید بڑھا دیا۔
محمد صلاح نے دوسرے ہاف میں لیورپول کے لیے مزید دو گول کیے۔ جس کے بعد وہ کلب کی تاریخ میں چوتھے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بن گئے اور اب لیور پول کے لیے ان کے مجموعی گولز کی تعداد کو 228ہوگئی ہے، جو کلب کے لیجنڈری کھلاڑی بلی لڈل کے برابر ہے۔
Photo-Getty Images
دیحان کلوسیوسکی نے اسپرس کے لیے ایک اور گول کیا، لیکن لیورپول کے ڈومینک سوبوسزلائی اور لوئس ڈیاز نے مزید گول کر کے اسکور لائن کو 6-3 کر دیا۔
لیورپول نے اپنے پچھلے دو پریمیئر لیگ میچوں میں نیوکاسل یونائیٹڈ اور فلہم کے خلاف ڈرا کھیل کر پوائنٹس ضائع کیے تھے، لیکن اس شاندار جیت کے ساتھ انہوں نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ وہ ٹائٹل کی دوڑ میں سب سے مضبوط ٹیم ہیں۔
![premier league standings](https://urduintl.com/wp-content/uploads/2024/12/Screenshot-2024-12-23-111301-640x571.webp)