اردو انٹرنیشنل اسپورٹس ویب ڈیسک تفصیلات کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے پاس فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے پاکستانی نوجوان فٹ بالرز ایک اور اہم ایونٹ میں شرکت سے محروم ہوگئے۔
ساف فٹ بال چیمپئن شپ اگست کے وسط میں کھٹمنڈو میں ہونا تھی جس میں شرکت کے لیے پاکستان فٹبال ٹیم فیفا فنڈنگ کی منتظر تھی، فیفا سے جواب نہ آیا تو پاکستان فٹبال فیڈریشن نے ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن کو جواب دے دیا کہ وہ ایونٹ سے دستبردار ہو رہی ہے، جس کے بعد ساف انڈر 20 چیمپئن شپ کے نئے ڈراز جاری کردیے گئے۔
پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے میڈیا سے گفتگو میں اس بات کی تصدیق کی کہ فنڈز نہ ہونے کی وجہ سے وہ ایونٹ سے دستبردار ہوئے ہیں، عہدیدار کا کہنا تھا کہ پی ایف ایف نے تین ایونٹس جس میں ساف انڈر 17، ساف انڈر 20 اور ساف ویمن چیمپئن شپ شامل ہے، میں شرکت کے لیے مئی میں فیفا کو فنڈز کے لیے خط لکھا تھا تاہم فیفا نے کوئی جواب ہی نہیں دیا۔
عہدیدار کا کہنا تھا کہ فنڈز جاری نہ ہوئےتو ساف انڈر 17 اور ویمن چیمپئن شپ میں بھی شرکت مشکل ہوجائےگی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ فی ایونٹ پاکستان فٹبال فیڈریشن کو 2 لاکھ ڈالرز کے لگ بھگ رقم درکار ہے۔
فٹبال حلقوں کا کہنا ہےکہ فیفا فنڈنگ پر انحصار کرنے کے بجائے پی ایف ایف اسپانسرز کو لا کر بھی یہ رقم پوری کرسکتا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہےکہ فیفا کوالیفائر کے حالیہ میچز کی میزبانی کرکے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کو مختلف مد میں ایک کروڑ سے زائد کی آمدن ہوئی ہے۔