
Pakistan edge past defending champions South Africa to clinch first Test-PCB
لاہور: پاکستان نے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2025-27 میں اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا، بدھ کے روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں دفاعی چیمپئن جنوبی افریقہ کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 93 رنز سے شکست دے کر دو میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی۔
ہدف 277 رنز کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم 60.5 اوورز میں محض 183 رنز پر ڈھیر ہو گئی پاکستان کی جانب سے اسپنر نعمان علی اور فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے فیصلہ کن کردار ادا کیا، دونوں نے چار چار وکٹیں حاصل کیں جبکہ ساجد خان نے بھی دو وکٹیں لے کر قیمتی تعاون فراہم کیا۔
شروعات سے ہی جنوبی افریقہ مشکلات کا شکار
جنوبی افریقہ کی اننگز کا آغاز مشکلات سے ہوا، جب کپتان ایڈن مارکرم صرف 3 رنز بنا کر نعمان علی کا شکار بنے کچھ ہی دیر بعد ویان مولڈر بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ اگرچہ ریان رکلٹن اور ٹونی ڈی زورزی نے تیسرے دن اختتام سے قبل 33 رنز کی شراکت سے مزاحمت کی کوشش کی، مگر چوتھے روز کے آغاز پر شاہین شاہ آفریدی نے زورزی کو آؤٹ کر کے پاکستان کو فوری کامیابی دلائی۔
بریوس کی مزاحمت، مگر ناکافی
ڈیوالڈ بریوس نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 54 گیندوں پر 54 رنز کی اننگز کھیلی اور رکلٹن کے ساتھ 50 رنز کی شراکت قائم کی، لیکن نعمان علی نے انہیں آؤٹ کر کے پروٹیز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ساجد خان نے رکلٹن کو 41 رنز پر آؤٹ کر کے مزید دباؤ بڑھایا۔
دوپہر کے بعد بھی پاکستان کی بالادستی برقرار رہی، جب ساجد خان نے متھوسامی کو پویلین بھیجا اور شاہین آفریدی نے یکے بعد دیگرے وکٹیں لے کر جنوبی افریقی اننگز کو سمیٹ دیا۔
پاکستان کی برتری کا آغاز پہلی اننگز سے
پاکستان نے میچ کا آغاز شاندار بیٹنگ سے کیا اور پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے امام الحق اور سلمان علی آغا نے 93، شان مسعود نے 76 جبکہ محمد رضوان نے 75 رنز کی اننگز کھیلیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے سینوران متھوسامی نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔
جواب میں مہمان ٹیم 269 رنز تک محدود رہی، جس میں ٹونی ڈی زورزی کے 104 اور رکلٹن کے 71 رنز شامل تھے نعمان علی نے ایک اور شاندار اسپیل میں 6/107 کے اعداد و شمار درج کیے۔
دوسری اننگز میں جدوجہد، مگر فتح حاصل
109 رنز کی برتری کے باوجود پاکستان کی دوسری اننگز مشکلات کا شکار رہی اور پوری ٹیم 167 رنز پر آؤٹ ہو گئی بابر اعظم نے 42، عبداللہ شفیق نے 41 اور سعود شکیل نے 38 رنز بنائے متھوسامی نے دوبارہ 5 وکٹیں حاصل کیں۔
تاہم، مجموعی طور پر 277 رنز کا ہدف جنوبی افریقی بیٹنگ لائن کے لیے کٹھن ثابت ہوا اور پاکستان نے بالآخر 93 رنز سے میچ اپنے نام کر لیا۔
میچ میں 10 وکٹیں حاصل کرنے والے نعمان علی کو ان کی شاندار کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔