اردو انٹرنیشنل اسپورٹس ویب ڈیسک تفصیلات کے مطابق فرانسیسی پولیس پیرس اولمپک گیمز میں تین اسرائیلی ایتھلیٹس کو دی گئی جان سے مارنے کی دھمکیوں کی تحقیقات کر رہی ہے۔ پراسیکیوٹرز نے ایک بیان میں کہا کہ اینٹی سائبر کرائم افسران پولیس سوشل میڈیا پر کھلاڑیوں کی ذاتی معلومات کے اجراء کا بھی جائزہ لے رہی ہے اور اسے ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے ۔
اسرائیل کے نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ کا خیال ہے کہ ایرانی ہیکرز اسرائیلی وفد کے ارکان کی ذاتی معلومات شائع کرنے اور انہیں دھمکی آمیز پیغامات بھیجنے کے لیے سوشل میڈیا چینلز بنا رہے ہیں۔
اسی دن، اسرائیل کے وزیر خارجہ نے فرانس کو اولمپکس کے دوران اسرائیلی کھلاڑیوں اور سیاحوں کو نشانہ بنانے کی ممکنہ ایرانی حمایت یافتہ سازش کے بارے میں خبردار کیا۔ اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردانہ کارروائیاں ان کے اصولوں کا حصہ نہیں ہیں۔
گیمز میں اسرائیلی کھلاڑیوں کو ایلیٹ ٹیکٹیکل یونٹس کے ذریعے تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے اور انہیں اسرائیل کی داخلی سکیورٹی سروس شن بیٹ کی مدد سے 24 گھنٹے سکیورٹی حاصل ہے۔
ایک اسرائیلی سفارتی ذریعے نے فرانسیسی حکام کے اقدامات کی بھرپور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کھلاڑیوں کو دھمکیاں دینے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف ایک مضبوط پیغام ہے۔