
Noman Ali's brilliant feat, breaking Iqbal Qasim's record and creating new history-PCB
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں جاری جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے تجربہ کار لیفٹ آرم اسپنر نعمان علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔
39 سالہ نعمان نے اننگز میں 113 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں، جس سے ان کے کیریئر میں پانچ وکٹوں کے کارنامے کی تعداد نو ہو گئی، جو کسی بھی پاکستانی لیفٹ آرم اسپنر کی جانب سے سب سے زیادہ ہے۔
انہوں نے یہ اعزاز سابق اسپن لیجنڈ اقبال قاسم کو پیچھے چھوڑ کر حاصل کیا، جنہوں نے اپنے کیریئر میں آٹھ مرتبہ اننگز میں پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
نعمان کی شاندار بولنگ کی بدولت پاکستان نے جنوبی افریقہ کو 269 رنز پر ڈھیر کر کے پہلی اننگز میں 109 رنز کی قیمتی برتری حاصل کی جنوبی افریقہ کی جانب سے ٹونی ڈی زورزی نے 104 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، تاہم دیگر بلے باز پاکستانی اسپنرز کے سامنے بے بس نظر آئے۔
ساجد خان نے 3 جبکہ سلمان علی آغا نے ایک وکٹ حاصل کی اس سے قبل پاکستان نے اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز اسکور کیے تھے۔
نعمان علی کی یہ کارکردگی نہ صرف پاکستان کو مضبوط پوزیشن میں لے آئی ہے بلکہ انہیں لیفٹ آرم اسپن بولنگ کے شعبے میں ایک نمایاں مقام بھی دلا چکی ہے۔