
Nepal and Oman qualify for the 2026 World Cup-ICC
کٹھمنڈو/مسقط : نیپال اور عمان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے دونوں ٹیموں نے بدھ کے روز ایشیا/ایسٹ ایشیا پیسیفک کوالیفائر میں مسلسل فتوحات کے بعد دستیاب تین میں سے دو مقامات پر اپنی جگہ یقینی بنائی۔
اگلے سال بھارت اور سری لنکا میں شیڈول 20 ٹیموں پر مشتمل میگا ایونٹ کے لیے عمان اور نیپال بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن پر موجود ہیں تین میچوں میں ناقابل شکست رہنے والی دونوں ٹیموں کے درمیان صرف نیٹ رن ریٹ کا فرق ہے۔
نیپال نے متحدہ عرب امارات اور قطر کے خلاف سنسنی خیز فائنل بال پر فتح حاصل کی، جبکہ عمان نے بھی انہی دو ٹیموں کو شکست دے کر سپر سکس مرحلے میں دو قیمتی پوائنٹس کے ساتھ رسائی حاصل کی۔
تیسری اور آخری دستیاب جگہ کے لیے متحدہ عرب امارات فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے، جو اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے نمبر پر ہے تاہم جاپان، قطر اور ساموا بھی ریاضیاتی طور پر کوالیفائی کرنے کی دوڑ میں شامل ہیں۔