اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق انٹر میلان نے چیمپئنز لیگ کے اہم میچ میں آر بی لیپزگ کو 1-0 سے شکست دے کر گروپ ٹیبل میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ سان سیرو اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں انٹر نے شاندار دفاعی کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور اپنی برتری کو قائم رکھا۔
میچ کا واحد گول 27ویں منٹ میں ہوا جب لیپزگ کے ڈیفنڈر کاسٹیلو لوکیبا نے فیدریکو جیمارکو کی فری کک کو غلطی سے اپنے گول میں ڈال دیا۔ انٹر کے کپتان لاؤتارو مارتینیز اور مارکس تھورام نے مزید گول کے مواقع پیدا کیے، لیکن انہیں کامیابی نہ مل سکی۔
دوسرے ہاف میں انٹر میلان کے ڈینزیل ڈمفریز اور ہاکان کلہانوگلو نے بھی عمدہ کھیل پیش کیا، لیکن لیپزگ کے گول کیپر پیٹر گلاسی نے شاندار سیو کیے۔ آخری لمحات میں جرمن ٹیم لیپزگ نے انٹر کے گول پر دباؤ بڑھایا لیکن مضبوط دفاعی حکمت عملی کے باعث وہ اسکور کرنے میں ناکام رہے۔
انٹر میلان نے پانچ میچوں میں سے 13 پوائنٹس حاصل کر کے گروپ ٹیبل پر اپنی پوزیشن مضبوط کر لی ہے، جبکہ لیپزگ 33 ویں نمبر پر ہے۔ انٹر میلان کا یہ تسلسل انہیں چیمپئنز لیگ میں مزید کامیابیوں کی امید دلاتا ہے۔