قاتلانہ حملے میں زخمی صحافی نصراللہ گڈانی دوران علاج دم توڑ گئے
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبہ سندھ کے ضلع گھوٹکی کی تحصیل میرپور ماتھیلو میں 3 روز قبل نامعلوم افراد کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے صحافی نصراللہ گڈانی کراچی میں علاج کے دوران دم توڑ گئے۔
صحافی نصراللہ گڈانی پر گھوٹکی کی تحصیل میرپور ماتھیلو میں فائرنگ کی گئی تھی، فائرنگ کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے، انہیں علاج کے لیے کراچی منتقل کیا گیا تھا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئے۔
میرپور ماتھیلو میں صحافی کے ورثا اور صحافی برادری سراپا احتجاج ہیں، انہوں نے قومی شاہراہ پر دھرنا دیا اور مظاہرین نے حکومت سے قتل میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
واقعے کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی گئی ہےوزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میرپور ماتھیلو کے صحافی نصراللہ گڈانی کے انتقال پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نصراللہ کے انتقال پر ان کے اہلخانہ اور ادارے کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ نے نصراللہ کی زندگی بچانے کیلئے بھرپور اقدامات کیے لیکن اللہ پاک کو یہی منظور تھا، نصراللہ کو ائیر ایمبولنس سے رحیم یار خان سے کراچی لایا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے۔