اردوانٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق چیمپئنز ٹرافی پر پاکستان اور بھارت کے درمیان تعطل برقرار رہنے کی وجہ سے دبئی میں آج کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا کوئی اجلاس طے نہیں ہوا۔
اس معاملے کو حتمی شکل دینے کے لیے آئی سی سی کا اگلا اجلاس اتوار یا پیر کو ہو سکتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بورڈ فار کنٹرول آف کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) دونوں نے اپنے اپنے فیصلوں کے لیے آئی سی سی سے مزید وقت مانگا ہے۔
چیمپئنز ٹرافی پر دونوں کرکٹ بورڈز اپنی اپنی حکومتوں سے مشاورت کریں گے۔
پاکستان کو اگلے سال کے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد کرنا ہے جبکہ بھارت نے میزبان ملک کا دورہ کرنے سے انکار کر دیا ہے اور اس کے بجائے ٹورنامنٹ کے لیے ہائبرڈ موڈ کی حمایت کی ہے جسے پی سی بی نے یکسر مسترد کر دیا ہے۔
آئی سی سی کا پہلا اجلاس گزشتہ روز دبئی میں ہوا لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہ ہو سکا اطلاعات ہیں کہ اجلاس (آج) ہفتہ کے لیے ملتوی کر دیا گیا ہے، لیکن آج کے لیے کوئی میٹنگ طے نہیں ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پورے میچز ملک کے اندر کرانے کے حوالے سے پاکستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
اب آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچوں کے انعقاد کے لیے اپنا قابل قبول اور قابل عمل فارمولہ آگے بڑھائے گا۔