اردوانٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کے فاسٹ باؤلنگ آل راؤنڈر کوربن بوش نے جمعرات کو سپر سپورٹ پارک میں پاکستان کے خلاف افتتاحی میچ کے دوران اپنے ریڈ بال کیریئر کی پہلی گیند پر وکٹ لے کر گراؤنڈ بریکنگ ٹیسٹ ڈیبیو کیا۔
دائیں ہاتھ کے پیسر نے یہ کارنامہ پاکستان کی اننگز کے 15ویں اوور میں اس وقت انجام دیا جب انہوں نے شان مسعود کو مارکو جانسن کے ہاتھوں سلپ میں کیچ آوٹ کرا دیا۔
نتیجے کے طور پر، بوش اپنے ٹیسٹ کیریئر کی پہلی ڈلیوری پر وکٹ لینے والے باؤلرز کی فہرست میں آسٹریلیا کے تجربہ کار دائیں ہاتھ کے اسپنر نیتھن لیون کے ساتھ شامل ہو گئے۔
بوش یہ منفرد کارنامہ انجام دینے والے صرف پانچویں اور مجموعی طور پر 25ویں جنوبی افریقی بن گئے۔
آسٹریلیا کے ٹام ہوران ٹیسٹ ڈیبیو کی پہلی ہی ڈلیوری پر وکٹ لینے والے پہلے باؤلر تھے جنہوں نے 1883 میں انگلینڈ کے خلاف سڈنی میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا جبکہ لیجنڈری آل راؤنڈر انتخاب عالم واحد پاکستانی ہیں جنہوں نے اپنے انٹرنیشنل ریڈ بال کیریئر کا آغاز ایک وکٹ سے کیا۔