اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق سٹی کے منیجر پیپ گارڈیولا نے ہفتے کے روز ایف اے کپ میں سیلفورڈ سٹی کے خلاف 8-0 کی شاندار فتح کے بعد اس بات کی تصدیق کی ہے کہ مانچسٹر سٹی کے کپتان کائل واکر نے کلب چھوڑنے اور بیرون ملک کھیلنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔
گارڈیولا نے بتایا، “کائل نے دو دن پہلے کہا کہ وہ بیرون ملک کھیلنے اور اپنے کیریئر کے اختتامی سالوں کے لیے آپشنز تلاش کرنا چاہتے ہیں۔ اسی وجہ سے، میں نے انہیں اسکواڈ سے باہر رکھا اور دوسرے کھلاڑیوں کو کھیلنے کا موقع دیا۔”
چونتیس سالہ واکر 2017 میں تقریباً 50 ملین پاؤنڈز کے معاہدے پر ٹوٹنہم ہاٹ پور سے مانچسٹر سٹی میں شامل ہوئے تھے۔ انہوں نے سٹی کے لیے 319 میچ کھیلے اور 17 ٹرافیاں جیتنے میں سٹی کی مدد کی، جن میں چھ پریمیئر لیگ ٹائٹلز اور سٹی کی پہلی چیمپئنز لیگ ٹرافی شامل ہیں۔
گارڈیولا نے واکر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا، “کائل کے بغیر ہماری کامیابیاں ممکن نہیں تھیں۔ وہ ہماری ٹیم اور انگلینڈ کی قومی ٹیم دونوں کے لیے انتہائی اہم کھلاڑی ہیں۔”
واکر کو اس سیزن میں کھیلنے کے محدود مواقع میسر آئے، وہ صرف نو پریمیئر لیگ میچز میں شامل ہوئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق، واکر سعودی عرب جانے پر غور کر رہے ہیں، جہاں فٹ بال کی دنیا کے کئی بڑے کھلاڑی منتقل ہو رہے ہیں۔