Babar Azam close to breaking Saeed Anwar's record, historic series begins in Faisalabad-Image Credit-X
فیصل آباد: پاکستان کے اسٹار بلے باز بابر اعظم دو بڑے سنگ میل عبور کرنے کے قریب ہیں، جب پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز منگل کو اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں شروع ہوگی۔
31 سالہ بابر اعظم کو لیجنڈری سعید انور کا ریکارڈ توڑنے کے لیے صرف ایک سنچری درکار ہے سعید انور نے 247 میچوں میں 20 سنچریاں بنائیں، جبکہ بابر اعظم اب تک 134 میچوں میں 19 سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔
ایک اور سنچری کے ساتھ وہ کسی پاکستانی کی جانب سے ون ڈے میں سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے کھلاڑی بن جائیں گے۔
بابر اعظم تیز ترین 20 ون ڈے سنچریاں مکمل کرنے والے دوسرے کھلاڑی بننے کے بھی قریب ہیں اگر وہ اگلی دو اننگز میں ایک سنچری اسکور کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں تو وہ ویرات کوہلی (133 اننگز) کو پیچھے چھوڑ دیں گے یہ اعزاز اس وقت ہاشم آملہ کے پاس ہے، جنہوں نے 108 اننگز میں 20 سنچریاں مکمل کی تھیں۔
پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان دوسرا اور تیسرا ون ڈے بالترتیب 6 اور 8 نومبر کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔
یہ سیریز فیصل آباد میں بین الاقوامی کرکٹ کی 17 سال بعد واپسی کی علامت ہے، جہاں آخری ون ڈے اپریل 2008 میں کھیلا گیا تھا۔
اب تک دونوں ٹیمیں 87 ون ڈے میچز میں مدمقابل آ چکی ہیں، جن میں جنوبی افریقہ نے 52 اور پاکستان نے 34 میں کامیابی حاصل کی، جبکہ ایک میچ بے نتیجہ رہا۔




