آسٹریلیا اور انڈونیشیا نئے سیکیورٹی معاہدے پر متفق،فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی شقیں شامل

آسٹریلیا اور انڈونیشیا نئے سیکیورٹی معاہدے پر متفق، فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی شقیں شامل
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) بدھ کے روز آسٹریلیا اورانڈونیشیا نے ایک نئے سیکیورٹی معاہدے پر دستخط کرنے پر اتفاق کرلیا،جس میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی شقیں شامل ہیں۔ یہ اعلان دونوں ممالک کے رہنماؤں نے سڈنی میں ہونے والی ملاقات کے بعد کیا۔
آسٹریلیا نے حالیہ برسوں میں اپنے دیرینہ اتحادی امریکہ کے ساتھ تعلقات مزید مضبوط کیے ہیں، تاکہ ایشیا پیسیفک خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ کا مقابلہ کیا جا سکے۔دوسری جانب انڈونیشیا ایک زیادہ غیرجانبدارانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے، جو واشنگٹن سے زیادہ قربت سے گریز اور بیجنگ کے ساتھ کسی ٹکراؤ سے احتراز برتتا ہے۔
سڈنی میں رائل آسٹریلین نیوی بیس پر انڈونیشین صدر پربووو سوبیانتو کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز نے کہا کہ ہم نے اپنے مشترکہ تحفظ پر ایک نئے دوطرفہ معاہدے کے لیے بات چیت کو مؤثر انداز میں مکمل کرلیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ اس بات کا اعتراف ہے کہ امن اور استحکام کو یقینی بنانے کا بہترین طریقہ ایک ساتھ کام کرنا ہے۔
البانیز نے بتایا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ اگلے سال وہ انڈونیشیا کا دورہ کریں گے تاکہ اس معاہدے پر دستخط کیے جا سکیں۔یہ نیا معاہدہ 2024 میں ہونے والے دفاعی معاہدے پر مبنی ہوگا، جس کے تحت دونوں ممالک نے ایشیا پیسیفک خطے میں قریبی تعاون اور ایک دوسرے کے علاقوں میں فوجی سرگرمیوں کے امکانات پر اتفاق کیا تھا۔
البانیز کے مطابق، نیا معاہدہ دونوں ممالک کو اس بات کا پابند کرے گا کہ وہ رہنماؤں اور وزارتی سطح پر باقاعدہ طور پر سیکیورٹی معاملات پر مشاورت کریں۔اس کے علاوہ، اگر کسی ایک یا دونوں ممالک کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہو تو وہ “ان خطرات سے نمٹنے کے لیے انفرادی یا مشترکہ اقدامات پر غور کریں۔
انڈونیشین صدر پربووو نے کہا کہ یہ معاہدہ دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون کی بنیاد رکھتا ہے۔
انہوں نے کہا،ہم اپنے پڑوسی نہیں چن سکتے مگر اچھے پڑوسی ہمیشہ مشکل وقت میں ایک دوسرے کی مدد کرتے ہیں۔





