آر او کا فیصلہ کالعدم،بیرسٹر عمیر نیازی کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) الیکشن ٹریبونل نے ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے پی ٹی آئی رہنماء بیرسٹر عمیر نیازی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے راولپنڈی بینچ میں قائم الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس چوہدری عبد العزیز نے ریٹرننگ افسر کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا اور پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر عمیر نیازی کے این اے 89 اور 90 میانوالی سے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے، جس کے نتیجے میں قائد تحریک انصاف عمران خان کے کورنگ امیدوارعمیرنیازی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے اہل ہوگئے۔
اس موقع پر اپنے ریمارکس میں الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس چوہدری عبد العزیز نے کہا کہ سمجھ نہیں آ رہی آر اوز نے چھوٹی چھوٹی باتوں پر کاغذات کیوں مسترد کیے؟۔
خیال رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات سننے کے لئے الیکشن اپیلٹ ٹریبونلز تشکیل دیئے ہیں، ملک بھر میں کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات سننے کیلئے الیکشن اپیلٹ ٹریبونلز تشکیل دیئے گئے، پانچوں ہائی کورٹس کے ججز پر مشتمل الیکشن کمیشن ٹربیونلز تین سے دس جنوری تک اعتراضات سنیں گے۔