NASA's collision transforms space rock into an experiment to protect Earth from meteorites

اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) دی نیوز نے اپنی خبر میں رپورٹ کیا ہے کہ ناسا کے 2022 کے سیاروی دفاعی تجربے نے شہابیے ڈائمورفوس کی سطح کو بری طرح تبدیل کردیا، جہاں ایک جانب اسٹیڈیم جتنا بڑا گڑھا بن گیا، جبکہ سیکڑوں چٹانیں خلا میں بکھر گئیں۔

 یورپی خلائی ایجنسی کی جانب سے جاری نئی تصاویر میں شہابیے کی غیر معمولی تبدیلیاں سامنے آئی ہیں۔

یہ تصاویر یورپی خلائی ایجنسی کے روبوٹک مشن ہیرا نے حاصل کیں، جو ناسا کے ڈبل ایسٹرائڈ ری ڈائریکشن ٹیسٹ خلائی جہاز کے ستمبر 2022 میں ڈائمورفوس سے ٹکرانے کے اثرات کا جائزہ لے رہا ہے۔

 ڈارٹ خلائی جہاز تقریباً 22 ہزار 530 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شہابیے سے ٹکرایا تھا۔

ہیرا مشن کے سائنسدان مائیکل کیوپرز نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا کہ ٹکراؤ والی جانب تقریباً پوری سطح گڑھے سے ڈھک گئی ہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے شہابیے کا ایک حصہ کاٹ دیا گیا ہو۔ تاہم مخالف سمت میں کسی بڑی تبدیلی کے شواہد نہیں ملے۔

تقریباً 151 میٹر چوڑا ڈائمورفوس، اس سے کہیں بڑے شہابیے ڈیڈیموس کے گرد گردش کرتا ہے۔ دونوں زمین کے قریب موجود اجرامِ فلکی میں شمار ہوتے ہیں، تاہم فی الحال زمین کے لیے خطرہ نہیں۔ یہ نظام زمین سے تقریباً 19 کروڑ 35 لاکھ کلومیٹر دور ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق ٹکراؤ کے بعد ڈائمورفوس کی گردش بے ترتیب ہوگئی ہے اور اس کے گرد کئی سو چٹانیں تیر رہی ہیں۔

 ابتدائی مشاہدات سے پہلے ہی ثابت ہوچکا تھا کہ ڈارٹ مشن نے اس کے مدار کا دورانیہ تقریباً 33 منٹ کم کردیا تھا، لیکن سطح پر ہونے والی تباہی کی مکمل نوعیت واضح نہیں تھی۔

ہیرا اس وقت دونوں شہابیوں سے تقریباً 25 سے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر مشاہدات کررہا ہے اور اگلے ماہ تقریباً 13 کلومیٹر تک قریب جانے کا منصوبہ ہے۔

 جنوری میں مشن دو چھوٹے کیوب سیٹس بھی چھوڑے گا، جو سطح اور اندرونی ساخت کا جائزہ لیں گے۔

برلن کے میوزیم آف نیچرل ہسٹری میں تصاویر پیش کرتے ہوئے ہیرا مشن کے سربراہ ایان کارنیلی نے شہابیوں کے خطرے کی اہمیت اجاگر کی۔

 تقریباً 6 کروڑ 60 لاکھ سال قبل ایک شہابیے کے تصادم کو ڈائنوسارز کی بڑے پیمانے پر معدومیت کی وجہ سمجھا جاتا ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق ان نتائج سے مستقبل میں زمین کی جانب بڑھنے والے خطرناک شہابیوں کا راستہ تبدیل کرنے کی حکمت عملی بہتر بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔