ایشیا کپ اور آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کرکٹ ٹیم سے ہاتھ نہ ملانے کے معاملے پر بھارتی ٹیم کو شدید تنقید کا سامنا ہے برطانوی اور بھارتی صحافیوں نے اس عمل کو کھیل کی روح کے منافی قرار دیا ہے۔
بھارتی نژاد برطانوی صحافی اور مصنف مہر بوس نے ایک بھارتی ٹاک شو میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کھلاڑیوں کا ہاتھ نہ ملانا ایک ایسے ملک کے شایانِ شان نہیں جو خود کو عالمی طاقت قرار دیتا ہے ان کے مطابق کھیل کو سیاست سے بالاتر رکھنا چاہیے اور اس طرح کے اقدامات ملک کی نادانی ظاہر کرتے ہیں۔
اسی پروگرام میں معروف بھارتی اسپورٹس جرنلسٹ ایاز میمن نے بھی اس پالیسی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ازخود ایسا فیصلہ نہیں کر سکتا، اس کے پیچھے حکومتی ہدایات کارفرما ہو سکتی ہیں۔
اس سے قبل سابق بھارتی کرکٹر اور موجودہ کمنٹیٹر سنجے منجریکر بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے اہم میچ سے قبل ’نو ہینڈ شیک‘ پالیسی پر سخت تنقید کر چکے ہیں سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا تھا کہ کھیل کو اس کی اصل روح کے مطابق کھیلا جانا چاہیے، بصورت دیگر کھیلنے کا کوئی جواز نہیں رہتا۔



