اردوانٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے بلے باز جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں منگل کو لیجنڈری پاکستانی بلے باز جاوید میانداد کا 31 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔
نیوزی لینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کی 423 رنز کی شکست میں دو اننگز میں 84 رنز بنانے والے روٹ نے بلیک کیپس کے خلاف ٹیسٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کے میانداد کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔
انگلش کھلاڑی نے اب نیوزی لینڈ کے خلاف 1,925 رنز بنائے ہیں جو میانداد کے 1,919 رنز سے چھ زیادہ ہیں۔
روٹ، جو بھارت کے خلاف سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا ریکارڈ بھی رکھتے ہیں (2,846)، سری لنکا کے کمار سنگاکارا کے بعد دو مختلف ممالک کے خلاف سب سے زیادہ رنز بنانے والے دوسرے بلے باز بن گئے۔
سری لنکن بلے باز نے پاکستان کے خلاف 2,911 اور بنگلہ دیش کے خلاف 1,816 رنز بنائے تھے۔
مزید برآں، جو روٹ نیوزی لینڈ میں ہزار رنز بنانے والے پہلے کھلاڑی بھی بن گئے، اس وقت ان کے رنز کی تعداد 1006 ہے، جب کہ انہوں نے ملک میں کسی مہمان بلے باز کی جانب سے سب سے زیادہ نصف سنچریاں بھی اسکور کی ہیں۔
یاد رہے کہ منگل کو سیڈن پارک میں کھیلے گئے تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کو 423 رنز سے شکست دی تھی۔