اردوانٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق انگلش میڈیا نے جمعہ کو رپورٹ کیا کہ انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے قومی کرکٹرز پر دنیا بھر کی فرنچائز لیگز میں شرکت پر پابندی عائد کر دی ہے سوائے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے جو ڈومیسٹک سیزن سے ٹکرا رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق یہ فیصلہ انگلینڈ کی ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار اور مسابقت کو برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا ہے۔
اس فیصلے کے نتیجے میں پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں انگلینڈ کے کھلاڑیوں کی شرکت میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے، جس کا اگلا ایڈیشن آئی سی سی مینز چیمپئنز ٹرافی 2025 کی وجہ سے ان کے ڈومیسٹک سیزن سے ٹکرائے گا۔
مزید برآں، کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں کو کسی بھی ٹورنامنٹ میں شرکت سے منع کرے گا، جس کی تاریخیں انگلینڈ کی ڈومیسٹک لیگز، ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ اور دی ہنڈریڈ سے ملتی ہیں تاہم، صرف وائٹ بال کے معاہدے والے کھلاڑی اس سے مستثنیٰ ہوں گے۔
نئی پالیسی انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو ایک ہی ٹائم فریم میں ایک سے زیادہ فرنچائز لیگز کے لیے رجسٹر کرنے سے بھی روکے گی، یہ “ڈبل ڈِپنگ” کے نام سے جانا جاتا ہے۔
اس اقدام کے نتیجے میں انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو کافی مالی نقصان پہنچے گا لیکن ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو رچرڈ گولڈ انگلینڈ کے ڈومیسٹک ڈھانچے کو مضبوط بنا کر کھیل کی سالمیت کے تحفظ کے لیے پرعزم رہے۔
ای سی بی کے چیف ایگزیکٹیو رچرڈ گولڈ نے کہا کہ ہمیں اپنے کھیل کی سالمیت اور انگلینڈ اور ویلز میں ہونے والے اپنے مقابلوں کی مضبوطی کی حفاظت کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ انگلینڈ دنیا بھر کی لیگز میں کھلاڑیوں کی سب سے بڑی تعداد میں حصہ ڈالتا ہے 2023 میں، ٹوٹل 74 انگلینڈ کے اہل کھلاڑیوں نے فرنچائز ٹورنامنٹس میں حصہ لیا، جو کسی ملک کی طرف سے سب سے زیادہ ہے۔