اردو انٹرنیشنل اسپورٹس ویب ڈیسک تفصیلات کے مطابق ایشین چیمپئنز ٹرافی سے قبل ایک وارم اپ میچ میں پاکستان اور چین کا مقابلہ منگل کو 4-4 سے برابر رہا۔ پہلا ہاف 2-2 سے برابری پر ختم ہوا۔ پاکستان کی جانب سے سفیان نے پنالٹی کارنر سے دو گول کیے جبکہ عبدالرحمن اور عماد بٹ نے ایک ایک گول کیا۔
پاکستانی ٹیم کو منگل کی صبح اپنے سفر میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بیجنگ سے قریبی شہر کے لیے ان کی پرواز منسوخ کر دی گئی۔ اس کی وجہ سے انہیں ہولن بئیر شہر جانے کے لیے تقریباً 300 کلومیٹر کا سفر طے کرنا پڑا۔
ایشین چیمپئنز ٹرافی ایونٹ 8 ستمبر سے 17 ستمبر تک چین کے شہر ہولن بئیر میں شیڈولڈ ہے ۔ ایشین چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان اور چین کے ساتھ دیگر ٹیمیں بھی حصہ لیں گی جن میں بھارت، جنوبی کوریا، جاپان اور ملائیشیا شامل ہیں۔
یہ بات قابل غور ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے مالی مشکلات سے دوچار ہوکر ٹکٹ ڈیبٹ پر خریدے اور ابھی تک کھلاڑیوں اور آفیشلز کو کوئی سفری الاؤنس نہیں دیا ہے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ (پی ایس بی) نے مستقبل قریب میں پی ایچ ایف کو ان اخراجات کی ادائیگی کا وعدہ کیا ہے۔ مزید برآں، پاکستان اسپورٹس بورڈ نے اس سے قبل پاکستان کی انڈر 18 بیس بال ٹیم کے تربیتی کیمپ کے لیے فنڈز دینے سے انکار کر دیا تھا، جو اس ستمبر میں چائنیز تائپے میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ میں حصہ لینے والی ہے۔