ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ : جنوبی افریقہ نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا
اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک) تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ نے پیر کو سر ویوین رچرڈز اسٹیڈیم، نارتھ ساؤنڈ، اینٹیگا میں ایک سنسنی خیز مقابلے میں ویسٹ انڈیز کو 3 وکٹوں (ڈی ایل ایس میتھڈ) سے شکست دی۔
جنوبی افریقہ انگلینڈ کے بعد سپر 8 کے گروپ 2 سے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیم بن گئی۔
میچ بارش سے متاثر ہونے کے بعد17 اوورز میں 123 رنز کے نظرثانی شدہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پروٹیز 7 وکٹوں کے نقصان پر 16.1 اوورز میں ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئے.
مارکو جانسن نے 14 گیندوں میں 21 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا انہوں نے آخری اوور کی پہلی گیند پر ایک چھکا لگایا جب ان کی ٹیم کو جیت کے لیے 5 رنز درکار تھے۔
ٹرسٹن اسٹبس ( 29) اور ہینرک کلاسن ( 22) نے بھی اہم شراکت داری کی۔
ایک مرحلے پر جنوبی افریقہ کا اسکور 77-3 تھا لیکن ونڈیز نے تیزی سے وکٹیں حاصل کر کے کھیل میں واپسی کی .
روسٹن چیس چار اوورز میں 3-12 کے اعداد و شمار کے ساتھ ہوم سائیڈ کے لیے بہترین باولر تھے۔
جنوبی افریقہ نے اب جاری ایونٹ کے دوران لگاتار سات میچ جیتے ہیں اور 2014 کے بعد پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنائی ہے۔
اس سے قبل، ویسٹ انڈیز کو 20 اوورز میں 135-8 کے مجموعی اسکور تک محدود کر دیا گیا تھا جب جنوبی افریقہ نے جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024 سپر 8 کے ایک اہم میچ کے دوران ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
تاہم بارش کی وجہ سے میچ میں رکاوٹ کے بعد ہدف 17 اوورز میں 123 رنز تک کم کر دیا گیا .
جنوبی افریقہ کے اسپنرز ایڈن مارکرم، تبریز شمسی اور کیشو مہاراج نے ونڈیز کے بلے بازوں کو روکے رکھا کیونکہ انہوں نے 6.58 کے اکانومی ریٹ پر 12 اوورز میں صرف 79 رنز دیے جبکہ 5 وکٹیں بھی حاصل کیں۔
شمسی 4 اوورز میں 3-27 کے اعداد و شمار کے ساتھ نمایاں گیند بازرہے.