قومی اسمبلی کا اجلاس آج طلب، 12 نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) قومی اسمبلی کا اجلاس آج 4 بجے طلب کیا گیا ہے جس کے آغاز پر 12 نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کا 7 نکاتی ایجنڈا بھی جاری ہو چکا ہے، اجلاس میں ایسے نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے جن کا حلف ابھی تک نہیں ہوسکا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ان تمام 12 اراکین کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے ہے، پنجاب سے 8 مسلم لیگ (ن) کی خواتین رکن قومی اسمبلی حلف اٹھائیں گی جبکہ خیبرپختونخواہ سے بھی 2 نو منتخب مسلم لیگ (ن) کی خواتین سے حلف لیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے مدثر قیوم ناہرا رکن قومی اسمبلی کے طور پر حلف اٹھائیں گے، مدثر قیوم ناہرا کو الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی میں کامیاب قرار دیا تھا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے عبدالرحمن کانجو سے بھی آج حلف لیا جائے گا، عبدالرحمن کانجو کو بھی دوبارہ گنتی میں کامیاب قراردیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں بتایا گیا کہ وزیر خارجہ اسحق ڈار اپوسٹائل آرڈیننس 2024 ایوان کے سامنے پیش کریں گے۔
اس کے علاوہ قومی مالیاتی ایوارڈ 2021 کی عملدر آمدی رپورٹ بھی ایوان کے سامنے پیش کی جائے گی۔
اجلاس کے ایجنڈے میں توجہ دلاؤ نوٹسز بھی شامل ہیں۔