“اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن” آج دنیا بھر میں منایا جارہا ہے
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سمیت دُنیا بھر میں آج اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔
اس دن کو منانے کا مقصد دنیا بھر میں مسلم برادری کے خلاف پھیلنے والی نفرت اور ان کے خلاف تشدد آمیز کارروائیوں کو روکنے کی کوشش کرنا ہے۔
کرائسٹ چرچ حملہ اسلاموفوبیا کے مہلک نتائج کا عکاس تھا، 4 سال پہلے آج ہی کے دن کرائسٹ چرچ کی دو مساجد پر مسلح شخص نے حملے کرکے 51 مسلمانوں کی زندگی کا خاتمہ کردیا تھا۔
اس واقعے میں جہاں 51 افراد شہید ہوئے تھے وہیں 40 افراد زخمی بھی ہوئے تھے۔
پچھلے 23 برسوں کے دوران دُنیا بھر میں اسلام کے خلاف نفرت کو خوب بڑھاوا دیا گیا ہے، تعصب کی انتہائیں بھی دیکھی گئیں۔ نائن الیون واقعے کے بعد دُنیا کے مختلف ممالک میں مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک دیکھنے میں آیا۔ اس دن کو منانے کا مقصد اسلاموفوبیا کے اثرات کو زائل کرنا ہے۔