اردو انٹرنیشنل سپورٹس ڈیسک تفصیلات کے مطابق، فلسطین کے نامور فٹبالر محمد برکت اسرائیل کی جانب سے ان کے گھر پر کی جانے والی بمباری میں شہید ہوگئے۔
ماہ صیام میں بھی اسرائیل کی فلسطینیوں پر جارحیت ختم نہ ہوئی، اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پر مسلسل حملے کیے جارہے ہیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق فلسطینی فٹبالر محمد برکت غزہ میں جاری جنگ کے دوران خان یونس میں واقع اپنے گھر پر اسرائیلی بمباری میں شہید ہوگئے۔ محمد برکت نے فلسطین کی نیشنل ٹیم کی نمائندگی بھی کی اور لوکل کلب کی جانب سے بھی میچز کھیلے .
محمد برکت کو خان یونس کا لیجنڈ کہا جاتا تھا، انہوں نے اپنے کیریئر میں 114 گول اسکور کیے اور وہ خان یونس یوتھ کلب کے کپتان بھی تھے۔ مقامی فٹبال کلب کے ایک کھلاڑی خالد ابو ہابیل نے محمد برکت کی موت کو فلسطینی فٹبال کے لیے بہت بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ میں ان کے خلاف کھیل چکا ہوں، برکت ہوشیار اور بہت تیز تھے.انہوں نے مزید کہا ‘میں رنج اور غصے کی کیفیت میں ہوں، محمد برکت ایک لیجنڈ تھے’۔
خیال رہے کہ غزہ سٹی کے شہریوں کے لیے امداد کی فراہمی کو صہیونی فوج نے لگ بھگ منقطع کر دیا ہے اور رفح سے بہت کم ٹرک وہاں امداد لے کر پہنچتے ہیں۔ شمالی غزہ میں شدید غذائی قلت سے اب تک کم از کم 27 بچے شہید ہوچکے ہیں۔ 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں 31 ہزار 45 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 72 ہزار سے زائد زخمی ہوئے۔