محمود خان اچکزئی کے گھر پر پولیس نے چھاپہ مارا ہے، عبدالرحیم زیارتوال
اردو انٹرنیشنل(مانیٹرنگ ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ محمود خان اچکزئی کے گھر پرپولیس کی بھاری نفری نے چھاپہ مارا ہے۔
کوئٹہ میں اتوار کی شب مرکزی سیکریٹری جنرل عبدالرحیم زیارتوال نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ پولیس کی بھاری نفری نے محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپہ مارا۔ کسی مجسٹریٹ کے بغیر مارے گئے اس چھاپے میں چادر و چاردیواری کی پامالی کی گئی۔
عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ پولیس نے پارٹی سربراہ کے ایک ذاتی محافظ کو گرفتاربھی کیا جس کے پاس لائسنس یافتہ اسلحہ تھا۔
پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کی جانب سے یہ الزام لگایا گیا کہ قومی اسمبلی اجلاس میں حالیہ انتخابات میں دھاندلی کے خلاف حقائق بیان کرنے پر محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا گیا۔
دوسری جان سابق نگراں وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے محمود خان اچکزئی کے گھر پر چھاپے کے الزام کو مسترد کردیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کارروائی محمود خان اچکزئی کے گھر کے سامنے ایک اراضی پر کیے جانے والے قبضے کے خاتمے کے لیے کی۔ اراضی کی رکھوالی محمود خان اچکزئی کا ذاتی محافظ کررہا تھا جسے پولیس کارروائی میں رکاوٹ ڈالنے پر گرفتار کیا گیا۔