FIFA announces record prize money for 2026 World Cup-FIFA
فیفا ورلڈ کپ 2026 دنیا کا اب تک کا سب سے بڑا فٹبال ایونٹ بننے جا رہا ہے، جو 11 جون سے امریکا، میکسیکو اور کینیڈا میں مشترکہ طور پر منعقد ہوگا۔
اس ٹورنامنٹ میں پہلی بار 48 ٹیمیں حصہ لیں گی جو اس سے قبل 2022 کے ایڈیشن میں شامل 32 ٹیموں کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہے۔
دفاعی چیمپئن ارجنٹینا اپنے اعزاز کا دفاع کرے گا، جبکہ اردن، ازبکستان، کیپ وردے اور کیوراساؤ پہلی بار ورلڈ کپ میں شرکت کریں گے۔
انعامی رقم کے لحاظ سے بھی یہ ایونٹ تاریخ کا سب سے بڑا ہوگا، جس کے لیے فیفا نے 871 ملین ڈالرز مختص کیے ہیں، جو گزشتہ ٹورنامنٹ سے تقریباً دوگنا ہے۔
ہر ٹیم کو تیاری کے لیے 25 لاکھ ڈالرز اور کوالیفائی کرنے پر ایک کروڑ ڈالرز دیے جائیں گے، جبکہ فاتح ٹیم 53.5 ملین ڈالرز اپنے نام کرے گی۔ رنر اپ کو 36.5 ملین، تیسری پوزیشن کو 32.5 ملین اور چوتھی پوزیشن کو 30.5 ملین ڈالرز ملیں گے۔
ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر 104 میچز کھیلے جائیں گے، جو 2022 کے 64 میچز کے مقابلے میں زیادہ ہیں، یوں یہ ایڈیشن ہر لحاظ سے وسعت اور انعامات کے اعتبار سے ایک نیا ریکارڈ قائم کرے گا۔





