طلبہ کے کاروباری وژن کو پروان چڑھانے کی منفرد کوشش،ینگ پرینیورز انیشی ایٹو کا آغاز

“ینگ پرینیورز انیشی ایٹو” کا آغاز، طلبہ کے کاروباری وژن کو پروان چڑھانے کی منفرد کوشش
اسلام آباد (اردو انٹرنیشنل) ویسٹ منسٹر انٹرنیشنل اسکول میں “ینگ پرینیورز انیشی ایٹو” (Young Entrepreneurs Initiative) کا آغاز کر دیا گیا، ایک ایسا اقدام جو نئی نسل کے ذہنوں میں اختراعی سوچ، کاروباری فہم اور قیادت کی صلاحیتیں اجاگر کرنے کے لیے سنگِ میل ثابت ہو رہا ہے۔
اس موقع پر رکنِ قومی اسمبلی بیرسٹر دانیال چوہدری نے طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں، خود اعتمادی اور بہترین انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ “ایسے پروگرام مستقبل کے موجدوں اور رہنماؤں کو پروان چڑھانے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔
ویسٹ منسٹر انٹرنیشنل اسکول نے ایک اور نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے چوتھی اور پانچویں جماعت کے طلبہ کے ذریعے “ینگ پرینیورز لانچ پیڈ” متعارف کرایا۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے جس نے جڑواں شہروں میں نئی سوچ اور جدت کی فضا پیدا کی ہے۔پروگرام میں طلبہ نے ازخود منصوبہ بندی کرتے ہوئے تقریب کا انتظام کیا، جس میں 250 سے زائد اسٹالز پر بچوں نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں اور کاروباری جذبے سے تیار کردہ ہنڈی کرافٹ اور مصنوعات پیش کیں۔ یہ ایک ایسی تقریب تھی “بچوں کی جانب سے، بچوں کے لیے”۔
اس موقع پر اسکول انتظامیہ کا کہنا تھا کہ “ینگ پرینیورز لانچ پیڈ” دراصل ویسٹ منسٹر اسکول کے اس وژن کا عملی مظہر ہے جو طلبہ میں تخلیقی سوچ، مالی نظم و نسق، گفت و شنید، مؤثر ابلاغ، اور کاروباری صلاحیتوں کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہا ہے تاکہ وہ اکیسویں صدی کے چیلنجز سے اعتماد کے ساتھ نمٹ سکیں۔
ویسٹ منسٹر انٹرنیشنل اسکول کا یہ اقدام نہ صرف طلبہ کی عملی تربیت کا ذریعہ ہے بلکہ پاکستان کے تعلیمی نظام میں کاروباری سوچ کے فروغ کی ایک مثبت مثال بھی پیش کرتا ہے۔






