
Washington plane crash: More than 40 bodies recovered from Potomac River
امریکہ میں طیارہ حادثے کے ریکوری آپریشن سے منسلک ایک قانون نافذ کرنے والے اہلکار کا کہنا ہے کہ 40 سے زیادہ لاشیں نکال لی گئی ہیں۔
خبر رساں ادارے ‘ایسوسی ایٹڈ پریس’ کے مطابق مذکورہ اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ دریائے پوٹومک سے 40 سے زیادہ لاشیں نکالی جا چکی ہیں جب کہ ریکوری آپریشن جاری ہے۔
بدھ کی شب امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے قریب مسافر طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹر کے درمیان فضا میں تصادم ہوا تھا جس کے بعد ملبہ دریائے پوٹومک میں گر گیا تھا۔ مسافر طیارے میں 64 جب کہ ہیلی کاپٹر میں تین افراد سوار تھے۔
امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ دریائے پوٹومک کے اُوپر امیریکن ایئر لائنز کے طیارے سے ٹکرانے والا ملٹری ہیلی کاپٹر مقررہ حد سے زیادہ بلندی پر پرواز کر رہا تھا۔ امریکی فوجی ہیلی کاپٹر رونلڈ ریگن ایئر پورٹ کے قریب پوٹومک دریا کے اُوپر سے ایک مخصوص روٹ پر باقاعدگی سے پرواز کرتے ہیں جسے ‘روٹ 4’ کہا جاتا ہے۔ کمرشل پروازوں کی آمدورفت اور حفاظت کے پیشِ نظر ان ہیلی کاپٹرز کو ایئرپورٹ کی حدود میں 200 فٹ سے اُوپر جانے کی اجازت نہیں ہوتی۔ لیکن فوجی ہیلی کاپٹر 200 فٹ کی حد سے بہت اوپر تھا۔
امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے جمعرات کو کہا تھا کہ بظاہر بلیک ہاک کا ایشو بلندی تھا۔ فوج کے تفتیش کار اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔ پیٹ ہیگسیتھ اور امریکی فوج کے مطابق بلیک ہاک ہیلی کاپٹر کا عملہ تجربہ کار تھا۔ انسٹرکٹر پائلٹ کے پاس ایک ہزار گھنٹے اور معاون پائلٹ 500 گھنٹے تک پرواز کا تجربہ رکھتے تھے۔ تیسرا اہلکار عملے کا سربراہ تھا جو عام طور پر ہیلی کاپٹر کے پچھلے حصے میں ہوتا ہے۔
مریکہ میں مسافر طیارے اور فوجی ہیلی کاپٹر کے درمیان تصادم کے واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد میں دو چینی باشندے بھی شامل تھے۔
چین کے ترجمان وزارتِ خارجہ کے مطابق چین متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔ چین نے امریکہ سے درخواست کی ہے کہ سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے بارے میں آنے والی والی تازہ ترین تفصیلات سے آگاہ کیا جائے ۔