ترکی کا فوجی طیارہ جارجیا میں تباہ،تمام 20 افراد جاں بحق

ترکی کا فوجی طیارہ جارجیا میں تباہ،تمام 20 افراد جاں بحق
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ترکی نے بدھ کے روز تصدیق کی کہ جارجیا میں گرنے والے فوجی طیارے میں سوار تمام 20 افراد ہلاک ہوگئے۔
ترکی کی وزارتِ دفاع کے مطابق یہ فوجی کارگو طیارہ C-130 منگل کی دوپہر آذربائیجان کے شہر گنجہ سے اڑا اور جارجیا کی فضائی حدود میں داخل ہونے کے کچھ دیر بعد مشرقی جارجیا کے علاقے سیغناخی (Sighnaghi) میں گر کر تباہ ہوگیا۔
وزیرِ دفاع یاسر گولر نے اپنے X (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا ہے کہ
ہمارے بہادر ساتھی 11 نومبر 2025 کو اس وقت شہید ہوئے جب آذربائیجان سے ترکی واپس آنے والا ہمارا C-130 فوجی طیارہ حادثے کا شکار ہوا۔
بیان کے ساتھ 20 شہداء کی تصاویر بھی شیئر کی گئیں۔
ترک حکام نے حادثے کی وجہ کے بارے میں کچھ نہیں بتایا، تاہم آذربائیجانی میڈیا پر نشر ہونے والی ویڈیوز میں طیارے کو فضا میں گھومتے اور ملبے کے ٹکڑوں کے ساتھ زمین کی طرف گرتے دیکھا جا سکتا ہے۔
جارجیا کی وزارتِ داخلہ کے مطابق طیارہ سرحد سے تقریباً پانچ کلومیٹر دور تباہ ہوا۔جارجین ایئر ٹریفک کنٹرول کے مطابق طیارہ ریڈار سے اچانک غائب ہو گیا اور کوئی ڈسٹریس سگنل بھی موصول نہیں ہوا۔ ہنگامی سروسز نے موقع پر جا کر حادثے کی اطلاع دی۔
یہ C-130 ہرکیولیس طیارہ امریکی کمپنی لاک ہیڈ مارٹن (Lockheed Martin) کی ساختہ ہے۔
پاکستان کی جانب سے بھی اظہارِ افسوس کیا گیا۔
ڈپٹی وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے ترک ہم منصب حکان فیدان کے نام تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ
ہم اس المناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔ ہماری دعائیں جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔ پاکستان اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔





