اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیرف اور ٹیکس پالیسی پر یورپی یونین کے اقتصادی کمشنر نے کہا ہے کہ اقتصادی مفادات کے دفاع کی ضرورت پڑی تو ہم تیار ہیں۔
امریکی صدر کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے پچھلے دور میں عائد پابندیوں کا مناسب جواب دیا گیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ تجارتی تنازع کی قیمت امریکا سمیت سب کو چکانا ہوگی۔ یورپی یونین میکسیکو کے ساتھ ٹریڈ ڈیل مضبوط کرنے کا اعلان پہلے ہی کر چکا ہے۔
دوسری جانب یورپی یونین نے ملائیشیا کے ساتھ بھی فری ٹریڈ ڈیل پر مذاکرات بحال کرنے کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے بطور امریکی صدر دوسری مدت کے لیے حلف اٹھالیا، انہوں نے خطاب میں امیگریشن قوانین، گرین پالیسی کے خاتمے، خام تیل کی پیداوار بڑھانے اور دیگر ممالک پر ٹیکس و ٹیرف عائد کرنے سمیت دیگر اقدامات کے حوالے سے فوری احکامات جاری کرنے کا وعدہ کیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے 47 ویں امریکی صدر کی حیثیت سے کیپیٹل ہل میں عہدے کا حلف اٹھایا، ان سے پہلے نائب صدر جے ڈی وینس نے عہدے کا حلف اٹھایا۔
دوسری دفعہ امریکی صدر منتخب ہونے کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا میں سنہرے دور کا آج سے آغاز ہو گیا ہے، آج سے ہمارا ملک ترقی کی نئی منازل طے کرے گا، اور دنیا بھر میں دوبارہ اس کی عزت کرائی جائے گی۔