
Terrorists attack bus going from Quetta to Lahore in Balochistan, killing 7 passengers
بلوچستان کے ضلع بارکھان میں قومی شاہراہ پر مسلح دہشت گردوں نے مسافر کوچ سے پنجاب جانے والے 7 مسافروں کو اتار کر شناختی کارڈز چیک کرنے کے بعد قتل کر دیا۔
مسافر بس کوئٹہ سے پنجاب کے شہر فیصل آباد جا رہی تھی۔ لیویز حکام کے مطابق 25 سے 30 مسلح افراد بس کو روک کر 7 افراد کو اپنے ساتھ قریبی پہاڑی پر لے گئے اور وہاں گولیاں مار کر ہلاک کر دیا۔
بارکھان کے ڈپٹی کمشنر وقار خورشید عالم نے بتایا کہ مسلح افراد نے شناختی کارڈ چیک کرنے کے بعد 7 مسافروں کو کوچ سے اتار کر گولیاں مار کر قتل کر دیا، مرنے والے 7 افراد کا تعلق پنجاب سے تھا اور وہ لاہور جارہے تھے۔
جاں بحق افراد میں عاشق حسین، عاصم علی، عدنان مصطفیٰ، محمد عاشق، محمد اجمل، صفیان اور شوکت علی شامل ہیں، ان افراد کا تعلق لاہور ، بورے والا، شیخوپورہ اور فیصل آباد سے ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ مسافروں کو کوچ سے اتارنے کے بعد مسلح افراد نے فائرنگ کردی، جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں کہا کہ وہ ضلع بارکھان میں دہشت گردوں کے ہاتھوں 7 بے گناہ مسافروں کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بزدلانہ فعل ناقابل معافی ہے، ایف سی اور لیویز دہشت گردوں کا تعاقب جاری رکھے ہوئے ہیں اور انہیں انجام تک پہنچائیں گے۔ اس واقعے کے بعد علاقے کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا، لیکن حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
لیویز حکام کے مطابق یہ ناخوشگوار واقعہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب تقریباً گیارہ بج کر دس منٹ پر بارکھان کی تحصیل رکھنی کے علاقے روڑکان میں پیش آیا۔
۔