
Switzerland's junior female cyclist dies in crash during World Championships
اردو انٹرنیشنل اسپورٹس ویب ڈیسک تفصیلات کے مطابق یونین سائیکلسٹ انٹرنیشنل (یو سی آئی) کے مطابق، سوئٹزرلینڈ کی جونیئر خاتون سائیکلسٹ موریل فرر ایک حادثے کے بعد انتقال کر گئی ہیں۔
یہ حادثہ زیورخ میں ہونے والی ورلڈ چیمپئن شپ کے دوران اس وقت پیش آیا جب موریل جونیئر خواتین کی روڈ ریس میں حصہ لے رہی تھیں۔ 18 سالہ موریل حادثے کے دوران شدید زخمی ہو گئیں اور ان کے سر پر سنگین چوٹیں آئیں۔ انہیں فوری طور پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے اسپتال منتقل کیا گیا، لیکن ان کی حالت تشویشناک رہی اور وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
یو سی آئی کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا کہ ” انتہائی افسوس کے ساتھ ، ہمیں نوجوان سوئس سائیکلسٹ موریل فرر کے انتقال کی المناک خبر موصول ہوئی۔” مزید کہا گیا کہ “موریل فرر کی موت کے ساتھ ہی، بین الاقوامی سائیکلنگ کمیونٹی ایک روشن مستقبل رکھنے والی رائیڈر سے محروم ہو گئی ہے۔ ہم ان کے خاندان، دوستوں، اور سوئس سائیکلنگ فیڈریشن سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔”
یو سی آئی نے کہا کہ ابھی تک حادثے کی صحیح وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے، لیکن فی الحال عالمی چیمپئن شپ کا سلسلہ موریل کے خاندان کی خواہش کے مطابق جاری رہے گا۔
جمعہ کو چار پیرا سائیکلنگ ریسز شیڈول ہیں، جبکہ ہفتے کو خواتین کی ایلیٹ روڈ ریس ہوگی، اور اتوار کو مردوں کی ایلیٹ روڈ ریس ہوگی۔