اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق بارسلونا کے 17 سالہ فٹبالر لیمائن یامل، اسپین کی نیشنز لیگ میں سربیا کے خلاف آئندہ میچ میں نہیں کھیل سکیں گے کیونکہ انہیں انجری کا سامنا ہے یہ فیصلہ اس لیے کیا گیا لیمائن یامل کی انجری مزید سنگین نہ ہو۔
ہفتے کو اسپین نے ڈنمارک کے خلاف 1-0 سے جیت حاصل کی تھی، اور یامل انجری ٹائم میں چوٹ کی وجہ سے کھیل سے باہر ہوگئے تھے۔ اتوار کو ان کا ایم آر آئی اسکین ہوا، اور اسکین میں یہ بات سامنے آئی کہ انہیں کوئی بڑی یا سنگین چوٹ نہیں لگی، بس پٹھوں میں تناؤ ہے۔
اسپین کی فٹبال فیڈریشن نے کہا کہ کھلاڑی کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ یامل کو اسکواڈ سے باہر نکالا جائے تاکہ چوٹ میں سنگینی کے کسی بھی خطرے سے بچا جا سکے۔
ڈنمارک کے خلاف میچ میں یامل کو کئی سخت ٹیکلز کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ میچ کے بعد اسپین کے کوچ لوئس ڈی لا فوینٹے نے کہا کہ لیمائن یامل کو اعلیٰ سطح کے فٹبال میں اس قسم کے سخت چیلنجز کی عادت ڈالنی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریفری کو ایسے باصلاحیت کھلاڑیوں کی حفاظت کرنی چاہیے، لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ لیمائن ان حالات کے ساتھ کھیلنا سیکھیں۔
اب یامل کی جگہ ایٹلیٹکو میڈرڈ کے روڈریگو ریکلمے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔