
سعودی عرب کا پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی کا خیر مقدم،امن کی کوششوں کی حمایت کی یقین دہانی
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈان نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے پیر کے روز پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی جھڑپوں کے بعد طے پانے والی جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان امن و استحکام کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔
یہ جنگ بندی کل صبح سویرے قطر اور ترکیہ کی ثالثی میں دوحہ میں پاکستانی اور افغان وفود کے درمیان مذاکرات کے دوران طے پائی۔ دونوں فریقین کے درمیان اگلا دور مذاکرات 25 اکتوبر کو استنبول میں ہوگا۔
سعودی وزارتِ خارجہ کے ایک بیان میں جو اُس کے ایکس (سابق ٹوئٹر) اکاؤنٹ پر جاری کیا گیا، کہا گیا کہ مملکتِ سعودی عرب اسلامی جمہوریہ پاکستان اورافغانستان کے درمیان فوری جنگ بندی اور پائیدار امن و استحکام کے قیام کے لیے طے پانے والے معاہدے کا خیر مقدم کرتی ہے، جو دوحہ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران طے پایا۔
بیان میں مزید کہا گیا مملکت تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کرتی ہے جو امن و استحکام کے فروغ کے لیے کی جا رہی ہیں، اور دونوں برادر ممالک پاکستان اور افغانستان کے عوام کے استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنے مسلسل عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
مملکت کو امید ہے کہ یہ مثبت قدم دونوں ممالک کے درمیان سرحدی کشیدگی کے خاتمے کا باعث بنے گا۔سعودی عرب جس نے گزشتہ ماہ پاکستان کے ساتھ دفاعی معاہدہ کیا تھا جس کے تحت کسی ایک ملک پر ہونے والا حملہ دونوں پر حملہ تصور کیا۔