وزیراعظم 2 روزہ دورے پر اسلام آباد سے تاجکستان روانہ
اردو انٹرنیشنل (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم شہباز شریف 2 روزہ دورے پر اسلام آباد سے تاجکستان روانہ ہوگئے۔
نائب وزیر اعظم اسحق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور سید طارق فاطمی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔
وزیر اعظم دوشنبہ آمد پر تاجکستان کے قومی ہیرو اسمعیل سامانی کی یادگار پر پھول رکھیں گے۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف 3 اور 4 جولائی کو آستانہ میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی سربراہان کی کونسل اور ایس سی او پلس کے دو سربراہی اجلاسوں میں شرکت کے لیے قازقستان جائیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحٰق ڈار، کابینہ کے دیگر سینئر ارکان اور اعلیٰ سرکاری افسران بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہوں گے۔
شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہان کی کونسل کے اجلاس میں وزیراعظم اہم علاقائی اور عالمی مسائل پر پاکستان کے نقطہ نظر کا اشتراک کریں گے اور اس اہمیت کو اجاگر کریں گے کہ پاکستان، شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے ساتھ علاقائی روابط اور تعاون کو اہمیت دیتا ہے۔