اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پریمیئر لیگ کے ریفری ڈیوڈ کوٹ کے بارے میں الزامات سامنے آنے پر ریفری باڈی (پروفیشنل گیم میچ آفیشل لمیٹڈ) نے ان کی معطلی کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ یہ معاملہ سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
ڈیوڈ کوٹ، جن کی عمر 42 سال ہے، پر حالیہ ویڈیو میں لیورپول کے سابق منیجر جورجین کلوپ کے خلاف تضحیک آمیز کلمات کہنے کا الزام ہے۔ اس کے علاوہ برطانوی اخبار دی سن نے ایسی تصاویر بھی شائع کی ہیں جن میں الزام لگایا گیا ہے کہ کوٹ کو امریکی ڈالر کے نوٹ کے ذریعے سفید پاؤڈر سونگھتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ یہ تصاویر یورپی چیمپیئن شپ کے دوران لی گئی تھیں، جب کوٹ بطور میچ آفیشل کام کر رہے تھے۔ اخبار دی سن کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ یہ تصاویر کوٹ نے ایک دوست کو ٹورنامنٹ کے دوران بھیجی تھیں۔
پی-جی-ایم-او-ایل (پروفیشنل گیم میچ آفیشل لمیٹڈ) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ وہ الزامات سے باخبر ہیں اور تحقیقات مکمل ہونے تک ڈیوڈ کوٹ کو معطل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ “ڈیوڈ کی فلاح و بہبود ہمارے لیے انتہائی اہم ہے، اور ہم اس عرصے میں اسے ہر ممکن مدد فراہم کریں گے۔” ترجمان نے یہ بھی کہا کہ اس وقت مزید کوئی تبصرہ نہیں کیا جا سکتا۔
یورپی فٹبال کی گورننگ باڈی یوئیفا نے بھی بی بی سی اسپورٹ کو تصدیق کی ہے کہ ویڈیو سامنے آنے کے بعد کوٹ کو11 نومبر سے اگلے نوٹس تک معطل کر دیا گیا ہے اور انہیں کسی بھی بین الاقوامی میچ میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے۔