اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق لیورپول نے پریمیئر لیگ میں مانچسٹر سٹی کو 2-0 سے شکست دے کر اپنی برتری کو نو پوائنٹس تک بڑھا لیا۔ انفیلڈ میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں لیورپول نے شاندار کھیل پیش کیا اور اپنے مداحوں کو مکمل طور پر مطمئن کیا۔
میچ کے آغاز سے ہی لیورپول نے مانچسٹر سٹی پر دباؤ ڈالے رکھا۔ محمد صلاح نے شاندار پاس کے ذریعے کوڈی گاکپو کو گول کرنے کا موقع فراہم کیا، جس نے 12ویں منٹ میں پہلا گول کر دیا۔ اس کے بعد لیورپول نے مسلسل حملے جاری رکھے، جبکہ مانچسٹر سٹی دفاعی حکمت عملی میں ناکام رہا۔
میچ کے آخری لمحات میں، ڈارون نونیز نے مانچسٹر سٹی کے ڈیفنڈرروبن ڈیاس کی غلطی کا فائدہ اٹھایا اور لوئس ڈیاز کو گول کا موقع دیا۔ ڈیاز کو مانچسٹر سٹی کے گول کیپر اسٹیفن اورٹیگا نے فاؤل کیا، اور اس کے نتیجے میں محمد صلاح نے پنالٹی کے ذریعے دوسرا گول کر دیا۔
اس جیت کے ساتھ لیورپول کی برتری پوائنٹس ٹیبل پر مزید مستحکم ہوچکی ہے، جبکہ مانچسٹر سٹی کی خراب کارکردگی کا تسلسل جاری ہے، جو پچھلے چار لیگ میچز بھی ہار چکی ہے۔