اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق ایورٹن نے گڈیسن پارک میں نئے مینیجر ڈیوڈ موئیس کی قیادت میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹوٹنہم کو 3-2 سے شکست دی۔ ایورٹن جو اس سیزن میں پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے ان کے لیے یہ فتح انتہائی ضروری تھی اور یہ کامیابی ان کے لیے لیگ میں آگے بڑھنے کا ایک بہترین موقع ہے۔
میچ کے پہلے ہاف میں ایورٹن نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3-0 کی برتری حاصل کی۔ ڈومینک کالورٹ لیون ، جو گزشتہ کئی میچوں سے فارم میں نہیں تھے، انہوں نے گول کرکے ٹیم کو ابتدائی برتری دلائی۔ ان کے بعد الیمان ندائے اور جیمز تارکوسکی نے مزید دو گول کر کے ایورٹن کی پوزیشن کو مزید مضبوط کیا۔
دوسری جانب، ٹوٹنہم نے دوسرے ہاف میں بہتر کارکردگی دکھائی اور دیجان کلوسیووسکی اور رچارلیسن کے گول کی بدولت اسکور 3-2 تک پہنچا دیا۔ تاہم، وہ ایورٹن کی مضبوط دفاعی حکمت عملی کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔
ایورٹن کے نئے مینیجر ڈیوڈ موئیس کے لیے یہ ایک یادگار دن تھا، جبکہ ٹوٹنہم کے مینیجر اینگے پوستیکوگلو کے لیے مشکلات بڑھتی دکھائی دے رہی ہیں کیونکہ یہ ٹوٹنہم کی 10 میچز میں ساتویں شکست تھی۔