اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق آرسنل نے پریمیئر لیگ میچ میں برینٹ فورڈ کو 3-1 سے شکست دے کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ٹائٹل کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مضبوط کر لی۔
برینٹ فورڈ نے میچ کے 12 ویں منٹ میں ابتدائی برتری حاصل کی جب آرسنل کے کپتان مارٹن اوڈیگارڈ کی غلطی کے بعد برینٹ فورڈ کے کھلاڑی برائن ایمبیومو نے گول کیا۔
لیکن آرسنل نے جلد ہی برابری کر لی،کیونکہ گیبریل جیسس نے تھامس پارٹی کے شاٹ کے ریباؤنڈ پر شاندار ہیڈر کے ذریعے گول کیا، یہ ان کا چار میچز میں چھٹا گول تھا۔
میچ کے دوسرے ہاف میں آرسنل نے مزید بہتر کھیل کا مظاہرہ کیا۔ 50ویں منٹ میں میکل میرینو نے برینٹ فورڈ کے دفاعی کی کمزوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے قریبی فاصلے سے گول کیا اور پھر اس کے گول کے صرف تین منٹ بعد، گیبریل مارٹینیلی نے ایک ڈھیلی گیند پر شاندار شاٹ مار کر آرسنل کو 3-1 کی برتری دلائی۔
آرسنل کے منیجر میکل آرٹیٹا نے کچھ تبدیلیوں کے ساتھ ٹیم میدان میں اتاری، جن میں 17 سالہ ایتھن نوانیری کا پریمیئر لیگ میں ڈیبیو بھی شامل تھا۔
یہ فتح آرسنل کو پریمیئر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر لے آئی، جبکہ لیورپول بدستور پہلے نمبر پر ہے، جبکہ برینٹ فورڈ، جو ابتدائی برتری حاصل کرنے کے باوجود شکست کھا بیٹھا، 12ویں نمبر پر چلا گیا۔