
Possible FIFA ban: Pakistan football's international participation in jeopardy
اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن نارملائزیشن کمیٹی کے چیئرمین ہارون ملک نے کہا ہے کہ پی ایف ایف کی نو منتخب کانگریس اور فیفا کے درمیان ڈیڈ لاک کے پیش نظر فیفا پاکستان کو مشروط طور پر معطل کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ (آئی پی سی) کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ اس پیشرفت سے پاکستان کی بین الاقوامی سطح پر مقابلوں میں شمولیت اور پی ایف ایف کے لیے فیفا کی مالی معاونت بند ہو جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیفا پی ایف ایف کے آئین میں کچھ ترامیم کرنا چاہتا ہے تاکہ اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالا جا سکے۔ تاہم حالیہ کوششوں میں، پی ایف ایف کانگریس کے نو منتخب اراکین کی اکثریت نے فیفا کی تجاویز سے اتفاق نہیں کیا۔ انہوں نے قائمہ کمیٹی کو پاکستان فٹبال فیڈریشن کے ضلعی سطح سے لے کر اب تک کے انتخابی عمل کے بارے میں بھی بریف کیا۔ انہوں نے کمیٹی کو بتایا کہ تمام انتخابات مکمل ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ پہلی بار، پاکستان فٹبال فیڈریشن نے 2023 کے ویمنز اولمپک کوالیفائرز میں حصہ لیا۔ کمیٹی نے فٹبال کے فروغ کے لیے پی ایف ایف کی کوششوں کو سراہا۔