پی سی بی نے بابر، رضوان اور شاہین کو گلوبل ٹی 20 لیگ کینیڈا کے لیے این او سی دینے سے انکار کر دیا
اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ڈیسک )تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی کو آئندہ گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کینیڈا میں شرکت کے لیے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) دینے سے انکار کردیا۔
ان تینوں کو پاکستان کرکٹ ٹیم کا اہم ستون سمجھا جاتا ہے اور پی سی بی نے انہیں آرام دینے کا فیصلہ کیا کیونکہ ملک میں منعقد ہونے والی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے آغاز سے قبل گرین شرٹس کو کافی کرکٹ کھیلنی ہے۔
پاکستان کا مئی 2025 تک کا شیڈول جام ہے جس کی وجہ سے پی سی بی نے کھلاڑیوں کو این او سی دینے سے انکار کر دیا محسن نقوی کی قیادت میں بورڈ کی بنیادی ترجیح کھلاڑیوں کی فٹنس ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ انجری سے پاک رہیں اور اچھی طرح سے آرام کریں۔
پی سی بی نے اس ماہ کے آخر میں کینیڈا میں کھیلے جانے والے گلوبل ٹی 20 کے لئے کھلاڑیوں کی این او سی کی درخواستوں پر درج ذیل اپ ڈیٹ فراہم کی ہے۔
باڈی نے ایک پریسر میں کہا کہ پی سی بی کو دیگر کھلاڑیوں کے علاوہ بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین آفریدی سے گلوبل ٹی 20 ایونٹ کے لیے این او سی کی درخواستیں موصول ہوئی تھیں اگست 2024 سے مارچ 2025 کے عرصے میں پاکستان کے مصروف اور بھرے کرکٹ کیلنڈر کو مدنظر رکھنے کے بعد، جس میں نو آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میچز اور اگلے سال آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 شامل ہیں، اور تینوں کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ قومی سلیکشن کمیٹی کے ساتھ مشاورت کے بعد ان کی درخواستوں کو مسترد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے.
کرکٹ باڈی نے مزید کہا کہ آنے والے آٹھ مہینوں میں تین آل فارمیٹ کے کھلاڑیوں اور ان کی خدمات کی ضرورت متوقع ہے جس کے دوران پاکستان9ٹیسٹ، 14 ون ڈے اور9ٹی ٹوئنٹی کھیلے گا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پی سی بی کی ورک لوڈ مینجمنٹ پالیسی کے مطابق، یہ پاکستان کرکٹ اور کھلاڑیوں کے بہترین مفاد میں ہے کہ وہ کینیڈا میں ہونے والے ایونٹ کو چھوڑ دیں تاکہ وہ اس سیزن بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے اپنی بہترین ذہنی اور جسمانی حالت میں ہوں.