اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب کے زیراہتمام پیٹرنز ایبک پولو کپ 2024 کا آغاز ہو گیا۔ افتتاحی دن چار دلچسپ میچوں کا فیصلہ ہوا۔ لاہور پولو کلب کے صدر ملک اعظم حیات نون نے ایک پریس کانفرنس میں اسپانسرز کے ساتھ مل کر ٹورنامنٹ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اعظم حیات نون نے اس ایونٹ کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ سلطان قطب الدین ایبک کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، جو برصغیر کی تاریخ کا ایک اہم کردار تھے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایبک پولو کپ لاہور پولو کلب کی میراث کا حصہ ہے اور کھیلوں کے شائقین کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔
پریس کانفرنس میں اہم اسپانسرز نے شرکت کی، جن میں گارڈ گروپ کے تیمور علی ملک، ڈائمنڈ پینٹس کے میر حذیفہ احمد، ریمنگٹن فارما کے ڈاکٹر فیصل قدیر کھوکھر، اور دیگر شامل تھے۔
ٹورنامنٹ میں 10 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے،
گروپ اے میں ڈائمنڈ پینٹس، نیویج کیبلز، پی اے ایف، رجاس/ماسٹر پینٹس اور ماسٹر پینٹس شامل ہیں جبکہ گروپ بی میں آرمی، آئی ایس/ایس کیو/پلاٹینم، پی بی، ایف جی/دین اور بی این پولو شامل ہیں۔
ٹورنامنٹ کے پہلے دن چار میچز کھیلے گئے جن میں ڈائمنڈ پینٹس نے نیوایج کیبلز کو 8-6 سے شکست دی، ماسٹر پینٹس نے پی اے ایف کو 4-2 سے ہرایا، رجاس/ماسٹر پینٹس نے ماسٹر پینٹس کو 4-3 سے مات دی اور رجاس/ماسٹر پینٹس نے پی اے ایف کو 7-2 سے شکست دی۔
آٹھ گول کے اس ٹورنامنٹ میں پاکستان کے علاوہ برطانیہ، ایران، اور ارجنٹائن کے اعلیٰ درجے کے کھلاڑی شریک ہو رہے ہیں، جس سے ایونٹ مزید دلچسپ ہو گیا ہے۔
ٹورنامنٹ کا فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا، جس میں شائقین پولو کو اعلیٰ معیار کا پولو ایکشن دیکھنے کو ملے گا۔