اردو انٹرنیشنل اسپورٹس ویب ڈیسک تفصیلات کے مطابق 28 اگست کو شروع ہونے والے پیرا اولمپکس گیمز کے لیے پاکستان کے واحد ایتھلیٹ حیدر علی اپنے کوچ اکبر علی کے ہمراہ پیرس روانہ ہو گئے ہیں۔
حیدر علی، جن کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے، 6 ستمبر کو شیڈول ڈسکس تھرو ایونٹ کی ایف 37 کیٹیگری میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ پیرا اولمپکس گیمز میں 170 ممالک کے 4,000 سے زائد کھلاڑی حصہ لیں گے، جو مختلف جسمانی معذوری کے حامل کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔
یہ پیرا اولمپکس میں حیدر علی کی پانچویں شرکت ہے۔ انہوں نے ٹوکیو 2020 پیرالمپکس میں ڈسکس تھرو میں 55.26 میٹر کی تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا تھا۔
اس سے قبل، انہوں نے 2008 کے بیجنگ پیرا اولمپکس میں لمبی چھلانگ میں چاندی کا تمغہ اور 2016 کے ریو پیرالمپکس میں اسی مقابلے میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ تاہمم،بدقسمتی سے، وہ چوٹ کی وجہ سے 2012 کے لندن پیرا اولمپکس میں حصہ نہیں لے سکے تھے۔
پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل یاسر پیرزادہ نے 13 اگست کو اعلان کیا کہ 2020 کے ٹوکیو پیرالمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے حیدر علی اس سال پیرالمپکس میں ایک بار پھر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔
حیدر سے ملاقات کے دوران پیرزادہ نے حیدر کی غیر معمولی صلاحیتوں اور لگن کو سراہتے ہوئے ڈسکس تھرو ایونٹ میں پاکستان کے لیے ایک اور تمغہ جیتنے کی ان کی لگن پر اعتماد کا اظہار کیا ۔
پیرزادہ نے کہا، “حیدر علی کو ایک بار پھر پیرا اولمپکس میں بھیجنے پر ہمیں فخر ہے۔ ان کی غیر معمولی صلاحیتوں اور لگن نے انہیں ایک اور تمغے کا سب سے مضبوط دعویدار بنا دیا ہے، اور ہمیں یقین ہے کہ وہ دوبارہ پاکستان کا سر فخر سے بلند کریں گے۔”
یاد رہے پیرا اولمپکس گیمز کا باقاعدہ آغاز 28 اگست کو افتتاحی تقریب سے ہوگا۔