اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کے صدر عارف سعید نے پاکستان اولمپک ہاؤس میں ہونے والی ایک میٹنگ کے دوران اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا عالمی سطح پر مثبت امیج بحال کرنے اور ملک میں بین الاقوامی کھیلوں کی واپسی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ اس میٹنگ میں کھیلوں سے وابستہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔
عارف سعید نے کہا کہ پاکستان نے ایک وقت میں کھیلوں کے کئی میدانوں میں کامیابیاں حاصل کیں، جیسے کرکٹ، ہاکی، اسنوکر، اور اسکواش میں عالمی چیمپئن شپ جیتنا شامل ہے۔ لیکن وقت کے ساتھ مشکلات بھی آئیں، اور اب ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم ان مشکلات کو دور کریں اور کھیلوں میں پاکستان کی حیثیت دوبارہ بحال کریں۔
انہوں نے کہا کہ پی او اے پاکستان کے کھلاڑیوں کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھے گی تاکہ انہیں ان کی محنت کا صلہ اور پہچان ملے۔ انہوں نے پاکستان سپورٹس بورڈ اور دیگر اداروں کے ساتھ مل کر کھیلوں کی ترقی کے لیے مضبوط تعلقات قائم کرنے پر زور دیا۔
عارف سعید نے کہا کہ ہمیں ملک کے کھیلوں کے شعبے کو دوبارہ زندہ کرنے اور بین الاقوامی اعتماد بحال کرنے کے لیے مسلسل محنت کرنا ہوگی تاکہ پاکستان میں کھیلوں کا ایک سنہری دور واپس آسکے۔
پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن (پی او اے) کے سربراہ عارف سعید نے مختلف کھیلوں کی فیڈریشنز کے عہدیداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی صدارت کے پہلے 100 دنوں میں کھیلوں کے فروغ کے لیے قومی اور بین الاقوامی سطح پر تجاویز پیش کریں۔ ان تجاویز میں ایسے اقدامات شامل ہوں گے جو پاکستان میں کھیلوں کی ترقی اور بہتری کے لیے کارآمد ہوں۔
انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی (آئی او سی) دنیا بھر میں کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لیے کام کر رہی ہے۔ پی او اے اور قومی کھیلوں کی فیڈریشنز کو آئی او سی اور انٹرنیشنل اسپورٹس فیڈریشنز کے پروگراموں سے سبق حاصل کرکے ان تجربات کو اپنے منصوبوں میں شامل کرنا چاہیے۔
عارف سعید نے زور دیا کہ ان تجاویز کے ذریعے پاکستان میں کھیلوں کے میدان کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے اور کھلاڑیوں کے لیے ایک روشن مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکتی ہے۔