اردو انٹرنیشنل (اسپورٹس ویب ڈیسک) تفصیلات کے مطابق پاکستانی فائٹرز نے بحرین میں منعقد ہونے والے مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) کے سب سے بڑے ایونٹ، بریو کامبیٹ فیڈریشن 92 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستانی مخالفین کے خلاف تاریخی فتح حاصل کی۔ پاکستانی فائٹرز نے پانچوں ہندوستانی فائٹرز کو شکست دے کر تاریخی کارنامہ سرانجام دیا اور عالمی ایم ایم اے اسٹیج پر اپنی مہارت کا لوہا منوایا۔
پاکستانی فائٹر رضوان علی نے پہلے ہی راؤنڈ میں بھارتی فائٹر سری کانت شیکھر کو ناک آؤٹ کر دیا ۔ اس فتح نے نہ صرف رضوان کے ناقابل شکست ریکارڈ کو مزید بہتر کیا بلکہ شیکھر کے ایم ایم اے کیریئر کا بھی خاتمہ کر دیا۔ اپنی جیت پر بات کرتے ہوئے رضوان نے کہا:
“یہ میری نہیں بلکہ پاکستان کی جیت ہے۔ ہم نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ پاکستانی فائٹر کسی سے کم نہیں ہیں۔”
رضوان کی کامیابی کے بعد دیگر پاکستانی فائٹرز نے بھی بہترین کارکردگی دکھائی جن میں بابر علی نے بینٹم ویٹ کیٹیگری میں بھارتی فائٹر محمد فرہاد کو شکست دے کر اپنی آٹھویں جیت حاصل کی۔ عباس خان نے ویلٹر ویٹ ڈویژن میں “سیٹھ روزاریو” کو شکست دی۔ اسماعیل خان نے بنٹم ویٹ کے ایک اور مقابلے میں یادویندر سنگھ کو ہرایا اور اعوان عاقب نے فلائی ویٹ فائٹر احتشام انصاری کے خلاف فیصلہ کن جیت کے ساتھ پاکستانی ٹیم کا کلین سویپ مکمل کیا۔
بحرین کے شیخ خالد بن حمد الخلیفہ کی سرپرستی میں منعقدہ اس ایونٹ نے پاکستانی فائٹرز کی مہارت، عزم اور جدوجہد کو نمایاں کیا۔ پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن کے صدر عمر احمد نے پاکستانی فائٹرز کی کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
“یہ پاکستان کے لیے ایک تاریخی دن ہے۔ ہمارے فائٹرز نے قابل ذکر مہارت اور عزم کا مظاہرہ کرکے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔”