
Pakistani athletes to feature in SAAF Athletics C’ships
اردو انٹرنیشنل اسپورٹس ویب ڈیسک تفصیلات کے مطابق پاکستانی کھلاڑی ساف جونیئر ایتھلیٹکس چیمپئن شپ اور بھارت میں منعقد ہونے والی چوتھی ساف ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں حصہ لیں گے۔ چئیرمین ساؤتھ ایشیا ایتھلیٹکس فیڈریشن میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی کے مطابق ساف جونیئر ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 11 ستمبر سے بھارت کے شہر چنئی میں شروع ہوگی جبکہ چوتھی ساف ایتھلیٹکس چیمپئن شپ 4 اکتوبر سے بھارت کے شہر رانچی میں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ جونیئر ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سات ممالک کی مردوں اور خواتین کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ ٹیموں میں پاکستان، بھارت، مالدیپ، نیپال، بھوٹان، بنگلہ دیش اور سری لنکا شامل ہیں۔ چیمپئن شپ 13 ستمبر تک جاری رہے گی اور چیمپئن شپ کے اختتام پر جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ساف ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں مردوں کی سات اور خواتین کی بھی سات ہی ٹیمیں حصہ لیں گی۔ شرکت کرنے والی ٹیموں میں پاکستان، بھارت، مالدیپ، نیپال، بھوٹان، بنگلہ دیش اور سری لنکا شامل ہیں۔یہ چیمپئن شپ 6 اکتوبر تک جاری رہے گی۔
یاد رہے اس سے قبل سینئر نوجوان کھلاڑی فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث ساف فٹ بال چیمپئن شپ جو اگست کے وسط میں کھٹمنڈو میں منعقد ہورہی ہے میں شرکت سے محروم ہوگئے جس کے بعد عہدیدار کا کہنا تھا کہ فنڈز جاری نہ ہوئےتو ساف انڈر 17 اور ویمن چیمپئن شپ میں بھی شرکت مشکل ہوجائےگی۔